Skip to main content
’غداری کا مقدمہ درج کرانے والے خود غدار ہیں‘
جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دوسروں پر غداری کا مقدمہ درج کرانے والے خود غدار ہیں۔
بدھ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم ایسے مقدمات کو جُوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’کس نے کیا ہے غداری کا مقدمہ، انہوں نے جن کے خلاف خود غداری کے فیصلے آ چکے ہیں اور
جو عدالتوں میں پیش ہونے کو تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جس قسم کے ہتھکنڈے آپ استعمال کر رہے ہیں تو اس سے آپ انڈیا کے ایجنٹ نہیں بنتے؟
’جب کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف آپ غداری کا کیس کریں گے تو اس کا کیا پیغام جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’غدار وہ ہیں جنہوں نے دھاندلی کی۔ غدار وہ ہیں جو عوام کے مینڈیٹ کے بغیر قوم پر مسلط ہیں۔ غدار وہ ہیں جن کے خلاف فیصلے آئے اور پھر عدالتی کمیشن تحلیل کر دیے گئے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس حوالے سے جنگ نہ چھیڑی جائے۔ ہم ایسی جنگیں لڑنے کے عادی ہیں۔ ہم ملک کو اس حد تک نہیں لے جانا چاہتے۔
’ہمیں ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ آپ انتہا تک نہ جائیں، ہم کہیں نہیں جا رہے۔ ہم آئین کی حدود کے اندر ہیں لیکن کوئی دوسرا ادارہ بھی آئین کی حدود سے آگے نہ جائے۔‘
حکومت کے خلاف تحریک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پہلے دو تین جلسوں سے ہی تبدیلی کے احساسات اور اثرات پیدا ہو جائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے اس تاثر کی نفی کی کہ جمہوری اور پارلیمانی لوگ اداروں سے تصادم کی بات کرتے ہیں۔ ’اداروں سے تصادم کا کوئی تصور نہیں ہے۔‘
‘
Comments
Post a Comment